اسلامی تعاون تنظیم نے ٹرمپ کا فیصلہ مسترد کردیا
ترکی کے شہر استنبول میں ہونے والے اسلامی سربراہی اجلاس کے بیان میں بیت المقدس کے بارے میں امریکی صدر کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے عالمی برداری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بیت المقدس کو فلسطینی حکومت کے دارالحکومت کے طور پر تسلیم کرے جس پر اسرائیل نے قبضہ کر رکھا ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق اسلامی تعاون تنطیم کے ہنگامی سربراہی اجلاس میں شریک اڑتالیس ملکوں کے سربراہوں اور اعلی حکام کے دستخط سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر سلامتی کونسل نے اس معاملے پر کوئی ایکشن نہ لیا تو اس معاملے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اٹھایا جائے گا۔اسلامی تعاون تنظیم کے بیان میں ایک بار پھر فلسطینی کاز کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے، کہا گیا ہے کہ ٹرمپ کے فیصلے کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری بھی امریکہ پر عائد ہوتی ہے۔اسلامی تعاون تنطیم کے ہنگامی سربراہی اجلاس میں بیت المقدس کے بارے میں امریکی صدر کے فیصلے کو سختی کے ساتھ مسترد کرتے ہوئے امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے بیت المقدس منتقلی کے مجوزہ فیصلے کی بھی مذمت کی گئی ہے۔