کابل آپریشن ختم، ہلاکتوں میں اضافہ
افغانستان کا دارالحکومت کابل ان دنوں دہشتگردوں کے نشانے پر ہے اور آج بھی دہشتگردی کا واقعہ رونما ہوا جس میں متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوئے۔
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مارشل فہیم نیشنل ملٹری اکیڈمی پر دہشتگردوں کے حملے میں 5 کیڈٹس ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے، فورسز کی جوابی کارروائی میں 4 حملہ آور مارے گئے جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ جبکہ دیگر ذرائع کا کہنا ہے کہ ملٹری اکیڈمی پر مسلح افراد کے حملے میں 11فوجی ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے۔
افغان وزارت دفاع کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دارالحکومت کابل میں مارشل فہیم ملٹری اکیڈمی پر 5 دہشتگردوں نے صبح سویرے حملہ کیا۔
ترجمان دولت وزیری کے مطابق پہلے حملہ آور نے گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے بعد دیگر حملہ آوروں نے فائرنگ کرتے ہوئے اندر داخل ہونے کی کوشش کی تاہم کوئی بھی حملہ آور اکیڈمی کے پہلے گیٹ سے آگے نہیں جا سکا۔ سیکیورٹی فورسز نے حملے کا فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے 2 حملہ آوروں کو ہلاک کیا ایک کو گرفتار کیا جبکہ دوحملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔
اسی ملٹری اکیڈمی پر گزشتہ برس اکتوبر میں ایک حملے میں 15 کیڈٹ ہلاک ہوئے تھے۔ دو ہفتوں میں کابل پر یہ تیسرا دہشتگردانہ حملہ ہے، دو روز پہلے ہوئے حملے میں 103 افراد جاں بحق اور 250 کے لگ بھگ زخمی ہوئے تھے۔ گزشتہ ہفتے لگژری ہوٹل پر حملے میں 22 افراد ہلاک ہوئے تھے۔