افغانستان: کابل میں مسلح جھڑپوں کا اختتام
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i312211-افغانستان_کابل_میں_مسلح_جھڑپوں_کا_اختتام
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں فوجی اہلکاروں اور مسلح حملہ آوروں کے درمیان ہونے والی جھڑپ، چار حملہ آوروں کی ہلاکت کے بعد ختم ہو گئی۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jan ۲۹, ۲۰۱۸ ۱۰:۵۰ Asia/Tehran
  • افغانستان: کابل میں مسلح جھڑپوں کا اختتام

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں فوجی اہلکاروں اور مسلح حملہ آوروں کے درمیان ہونے والی جھڑپ، چار حملہ آوروں کی ہلاکت کے بعد ختم ہو گئی۔

کابل سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری نے کہا ہے کہ کچھ حملہ آوروں نے جن کی تعداد پانچ تھی، کابل کی مارشل فہیم ملٹری اکیڈمی کو اپنے حملے کا نشانہ بنایا جن میں سے دو کے پاس دھماکہ خیز مواد بھی موجود تھا، جنھوں نے پھر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دو دیگر کو افغان فوجی اہلکاروں نے ہلاک کر دیا اور ایک اور حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا۔
افغان وزارت دفاع کے اس ترجمان کے مطابق ان حملہ آوروں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا جن میں چار راکٹ لانچر اور چار کلاشنکوف بھی شامل ہیں۔
اس جھڑپ میں افغان فوج کے بھی پانچ اہلکار ہلاک اور دس دیگر زخمی ہوئفے جنھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ بعض ذرائع سے موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گیارہ افراد ہلاک اور سولہ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
داعش دہشت گرد گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
ہفتے کے روز بھی دارالحکومت کابل میں ہونے والے ایک کار بم دھماکے میں سو سے زائد افراد ہلاک اور دو سو سے زائد دیگر زخمی ہو گئے تھے۔ کابل میں ہونے والے کار بم دھماکے کی ذمہ داری طالبان گروہ نے قبول کی تھی۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں کابل میں مسلح حملوں اور بم دھماکوں کی کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے۔ کابل میں ملٹری اکیڈمی پر گذشتہ برس اکتوبر میں اسی طرح کے ایک حملے میں پندرہ کیڈٹ ہلاک ہو گئے تھے۔ گزشتہ پندرہ روز میں کابل پر یہ تیسرا دہشتگردانہ حملہ ہے۔