شام: مشرقی سویدا میں داعش کے ٹھکانوں پر حملے
شامی فوج نے ملک کے جنوبی علاقے سویدا میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔
دمشق میں سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے بتایا ہے کہ شامی فضائیہ کے طیاروں اور توپ خانے نے، مشرقی سویدا کے علاقہ بادیہ شرقی میں دہشت گرد گروہ داعش کے ٹھکانوں کو ٹھیک ٹھاک نشانہ بنایا ہے۔
شامی فوج کی گولہ باری اور بمباری میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تہس نہس ہوگئے جبکہ درجنوں داعشی عناصر کے ہلاک اور زخمی ہونے کی خبر ہے۔
دوسری جانب شام کے وزیر داخلہ محمد الشعار نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے آخری ٹھکانے کی تباہی تک ملک میں فوجی آپریشن جاری رہے گا - انہوں نے کہا کہ شامی فوج دہشت گردوں کے خلاف جنگ کے حوالے سے پوری آمادگی کی حالت میں ہے اور ہمارے حوصلے بہت بلند ہیں۔
اس سے پہلے شام کی وزارت خارجہ نے کہا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کرنا شامی حکومت کی ذمہ داری ہے ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق اپنے مشن پر پوری تن دھی کے ساتھ عمل کر رہے ہیں۔