امریکہ کی جانب سے شام میں فاسفورس بموں کا استعمال
https://urdu.sahartv.ir/news/islamic_world-i334705-امریکہ_کی_جانب_سے_شام_میں_فاسفورس_بموں_کا_استعمال
امریکہ نے شام کے علاقے دیرالزور میں فاسفورس بموں کا استعمال کیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Sep ۱۰, ۲۰۱۸ ۱۳:۵۳ Asia/Tehran
  • امریکہ کی جانب سے شام میں فاسفورس بموں کا استعمال

امریکہ نے شام کے علاقے دیرالزور میں فاسفورس بموں کا استعمال کیا ہے۔

روس کی وزارت دفاع نے اتوار کی رات امریکی طیاروں کی جانب سے مشرقی شام کے علاقے دیرالزور میں ہجین کے علاقے پر حملے کی خبر کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے کئے جانے والے اس حملے میں فاسفورس بموں کا استعمال کیا گیا ہے۔

روس کی وزارت دفاع کے مطابق اس حملے کے نتیجے میں ہجین کے علاقے میں آگ لگ گئی۔ ابھی تک ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں پتہ نہیں چل سکا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس حملے میں امریکہ کی جانب سے دو ایف پندرہ طیاروں نے حصہ لیا۔

اس سے قبل امریکہ کی زیرکمان داعش مخالف نام نہاد اتحاد کے جنگی طیاروں نے بھی شام کے مختلف علاقوں منجملہ دیرالزور پر فاسفورس بموں سے حملہ کیا۔ اس حملے میں کم از کم دس شامی شہری خاک و خون میں غلطاں ہو گئے تھے۔

شام کی حکومت نے بارہا اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ مراسلوں میں شام پر امریکہ کی جارحیت بند کرائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ عراق اور شام پر امریکہ کی زیرکمان داعش مخالف نام نہاد اتحاد کے حملوں پر نظر رکھنے والے گروپ نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ عراق و شام پر امریکی اتحاد کے حملوں میں اب تک پانچ ہزار سے زائد عام شہری مارے جا چکے ہیں۔

امریکہ نے حالیہ برسوں کے دوران عراق و شام میں دہشت گرد گروہوں کے خلاف مہم کے بہانے بارہا عام شہریوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

امریکہ کی زیر کمان داعش مخالف یہ نام نہاد اتحاد بارک اوباما کے دور حکومت میں قائم ہوا تھا اور یہ ایسی حالت میں ہےکہ مصدقہ رپورٹوں سے واضح طور پر پتہ چلتا ہے کہ امریکہ اور اس کے مغربی اتحادی، عراق و شام میں مختلف دہشت گرد گروہوں منجملہ داعش کو ہمیشہ مالی مدد اور ہتھیار فراہم کرتے رہے ہیں۔