صیہونی حکومت کے خلاف بین الاقوامی عدالت میں مقدمہ درج
Aug ۰۴, ۲۰۱۵ ۱۱:۳۱ Asia/Tehran
فلسطینی انتظامیہ نے دریائے اردن کے مغربی کنارے میں ایک شیر خوار فلسطینی بچہ زندہ جلانے کی بنا پر صیہونی حکومت کے خلاف انٹرنیشنل کریمنل کورٹ میں مقدمہ درج کرا دیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق فلسطینی انتظامیہ کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے مغربی کنارے میں واقع دوما نامی دیہات پر انتہاپسند صیہونیوں کے حملے کے خلاف انٹرنیشنل کریمنل کورٹ میں پیر کے دن مقدمہ درج کرا دیا۔ فلسطینی انتظامیہ کے وزیر خارجہ کی جانب سے دی جانے والی درخواست میں کہا گیا ہے کہ دوما نامی دیہات پر صیہونیوں کے حملے میں فلسطین کے اٹھارہ ماہ کے شیر خوار علی سعد دوابشہ کو زندہ آگ میں جلا دیا گیا۔ ریاض المالکی نے کہا ہے کہ اس درخواست میں دوما پر کئے جانے والے حملے کی تفصیلات اور اس کے علاوہ صیہونیوں کی جانب سے فلسطینیوں پر کئے جانے والے تشدد اور جارحیت کو بیان کیا گیا ہے۔ فلسطینیوں نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں بھی دوما نامی دیہات پر حملے کے بارے میں ایک رپورٹ تیار کی ہے۔ فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس نے جمعے کے دن کہا تھا کہ صیہونی حکومت اس وحشیانہ حملے کی ذمہ دار ہے جس کے دوران فلسطین کا شیر خوار بچہ علی سعد دوابشہ آگ میں زندہ جل گیا۔ فلسطینی انتظامیہ کے ترجمان نبیل ابوردینہ نے بھی کہا ہے کہ اگر اسرائیلی کابینہ صیہونی بستیوں کی تعمیر پر اصرار اور صیہونیوں کی حمایت نہ کرتی تو یہ جرم واقع نہ ہوتا۔ واضح رہے کہ صیہونیوں نے جمعے کے دن مغربی کنارے میں واقع ایک دیہات پر حملہ کر کے دو گھروں کو آگ لگا دی اور ایک فلسطینی شیر خوار بچے کو زندہ آگ میں جلا دیا۔