فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم کا سلسلہ جاری
Aug ۰۴, ۲۰۱۵ ۱۱:۲۸ Asia/Tehran
صیہونی فوجیوں نے ایک بار پھر غرب اردن اور غزہ کے مختلف علاقوں کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنایا ہے-
موصولہ رپورٹ کے مطابق صیہونی فوجیوں نے منگل کی صبح نابلس، بیت اللحم اور الخلیل پر حملہ کرکے کم سے کم گیارہ فلسطینی جوانون کو گرفتار کر لیا- صیہونی حکومت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بتّیس فلسطینیوں کی بلا سبب گرفتاری کا حکم جاری کیا ہے- درایں اثنا صیہونی آبادکاروں نے غرب اردن میں مشرقی قلقیلیہ میں زیتون کے درجنوں درختوں کو نذر آتش کر دیا- غزہ سے ملنے والی ایک اور رپورٹ کے مطابق منگل کی صبح صیہونی فوجی، بلڈوزروں کے ہمراہ جنوبی غزہ میں واقع شہر خان یونس کے شمال مشرق میں واقع القرارہ دیہات میں داخل ہو گئے اور فلسطینیوں کی زرعی اراضی کو تباہ کر دیا- اس قسم کی جارحانہ کارروائیاں ایسے عالم میں جاری ہیں کہ صیہونی آبادکاروں نے گذشتہ جمعے کو فلسطینیوں کے دو مکانات نذر آتش کردیئے جس میں ایک شیر خوار بچہ جل کر شہید ہو گیا-