غرب اردن میں مظاہرین پر صیہونی فوجیوں کا حملہ
https://urdu.sahartv.ir/news/middle_east-i196157-غرب_اردن_میں_مظاہرین_پر_صیہونی_فوجیوں_کا_حملہ
صیہونی حکومت کے فوجیوں نے غرب اردن میں فلسطینی مظاہرین پر حملہ کیا ہے-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۰۸, ۲۰۱۵ ۰۵:۳۲ Asia/Tehran
  • غرب اردن میں مظاہرین پر صیہونی فوجیوں کا حملہ

صیہونی حکومت کے فوجیوں نے غرب اردن میں فلسطینی مظاہرین پر حملہ کیا ہے-

اطلاعات کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے جمعے کی شام غرب اردن کے مختلف علاقوں میں فلسطینی مظاہرین پر حملہ کیا جس میں دسیوں فلسطینی زخمی ہو گئے- فلسطینی، رام اللہ اور قلقیلیا کے علاقوں سمیت غرب اردن کے مختلف علاقوں میں غاصب اسرائیل کی نسل پرستانہ پالیسیوں اور انتہا پسند صیہونی آباد کاروں کے دشمنانہ اقدامات کے خلاف احتجاجی مظاہرے کر رہے تھے- صیہونی فوجیوں نے فلسطینی مظاہرین کے خلاف زہریلی گیس اور پلاسٹک کی گولیوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی اور مظاہروں میں شریک امن کے لیے کام کرنے والے بعض غیرملکی زخمی ہو گئے- مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں فلسطین کے پرچم اٹھا رکھے تھے- مظاہرین نے نابلس میں ایک شیر خوار فلسطینی بچے کی شہادت پر مبنی انتہا پسند صیہونی آباد کاروں کی حالیہ جارحیت کی مذمت کی اور اس کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا- فلسطینی مظاہرین نے اسرائیلی جیلوں میں بند فلسطینی قیدیوں، خاص طور سے بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور فلسطینی قیدیوں کی آزادی کا مطالبہ بھی کیا- ادھر مقبوضہ فلسطین میں ریڈ کراس سوسائٹی دفتر کے سربراہ ژاک دو مایو نے صیہونی حکومت کے عہدیداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایک فلسطینی قیدی کو اپنے گھر والوں سے ملنے کی اجازت دیں- ژاک دو مایو نے جمعے کو ایک بیان میں صیہونی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی قیدی محمد نصرالدین مفدی علان کو، جس کی حالت پچاس روز کی بھوک ہڑتال کے بعد انتہائی نازک ہو گئی ہے، اپنے خاندان والوں سے ملاقات کی اجازت دیں- انہوں نے کہا کہ محمد نصرالدین مفدی علان کی خطرناک اور نازک حالت کی وجہ سے ان کی جان کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے-