صیہونی جیلوں میں ہائی الرٹ
Aug ۱۴, ۲۰۱۵ ۱۴:۵۳ Asia/Tehran
بھوک ہڑتال کے نتیجے میں ایک فلسطینی قیدی کی حالت بگڑنے کے بعد، صیہونی جیلر چوکس ہو گئے-
لبنانی ٹی وی چینل المنار کی رپورٹ کے مطابق صیہونی جیل میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے ایک فلسطینی قیدی، محمد علان کے کوما میں جانے کے بعد صیہونی جیلوں رامون، نفحہ، اور النقب کے حکام پوری طرح سے الرٹ ہو گئے ہیں- فلسطینی قیدی محمد علان تقریبا دو مہینے سے بھوک ہڑتال پر ہیں- درایں اثنا فلسطین کی تحریک جہاد اسلامی نے ایک بیان جاری کر کے متعلقہ اداروں کو جان محمد علان کی جان بچانے کے لئے تمام کوششیں بروئے کار لانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں- تحریک جہاد اسلامی نے ملت فلسطین سے اپیل کی ہے کہ وہ، اس قیدی کی حمایت کریں- تحریک جہاد اسلامی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ محمد علان کی جسمانی صورت حال خطرناک مرحلے میں داخل ہو گئی ہے اور غاصب صیہونی حکام، ان کی ممکنہ موت کی کوئی پرواہ نہیں کر رہے ہیں اور وہ، جیلوں میں قیدیوں کے حقوق سے متعلق تمام قوانین کو پامال کر رہے ہیں- ادھر شہر عسقلان میں دسیوں صیہونی، ہسپتال کے سامنے دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں اور وہ نسل پرستانہ نعرے لگانے کے ساتھ ساتھ اٹھاون دنوں سے بھوک ہڑتال کرنے والے محمد علان کا علاج فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کر رہے ہیں- واضح رہے کہ اس وقت چھے ہزار سے زائد فلسطینی، صیہونی حکومت کی جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں-