غزہ پٹی کی تعمیر نو کے لئے پر عزم ہیں: رامی حمداللہ
Aug ۳۱, ۲۰۱۵ ۱۶:۵۶ Asia/Tehran
فلسطین کی قومی اتحاد حکومت کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ غزہ پٹی کی تعمیرنو، حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
رپورٹوں کے مطابق، پیر کے روز دریائے اردن کے مغربی کنارے میں قومی اتحاد کی حکومت کے وزیراعظم رامی حمداللہ نے کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس کے دوران کہا کہ حکومت غزہ پٹی کی تعمیرنو کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ فلسطینی حکومت کی ترجیحات میں بھی شامل ہے۔ رامی حمداللہ نے مزید کہا کہ ان کی حکومت غزہ کی عمارتوں کی تعمیرنو کے لئے ضروری ساز و سامان اور اشیا اس علاقے تک پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ غزہ پٹی کے شہریوں کی دشواریوں کو کم کیا جا سکے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے فلسطینی پناہ گزینوں کو امداد فراہم کرنے والے ادارے انروا نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت نے سن دو ہزار چودہ کے دوران پچاس روزہ جارحیت میں نو ہزار رہائشی عمارتوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا تھا۔ اس دوران ایک لاکھ بیس ہزار مکانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔ واضح رہے کہ غزہ پٹی پر صیہونی جارحیت کے نتیجے میں دو ہزار تین سو فلسطینی شہید، جبکہ گیارہ ہزار سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے۔