گرفتار شدہ فلسطینی بچوں پر شدید اسرائیلی تشدد کا انکشاف
Sep ۱۲, ۲۰۱۵ ۱۷:۴۴ Asia/Tehran
بچوں کے حقوق کی عالمی تحریک کی فلسطین شاخ کے ایک اعلی عہدیدار عابد ابوقطیش نے گرفتار شدہ فلسطینی بچوں پر صیہونی حکومت کے تشدد سے پردہ اٹھایا ہے-
فلسطین کے اطلاع رسانی مرکز کی رپورٹ کے مطابق عابد ابو قطیش نے کہا ہے کہ رواں سال کے پہلے نصف میں گرفتار شدہ چھیاسی فی صد فلسطینی بچے صیہونی حکومت کے ہاتھوں شدید جسمانی تشدد کا نشانہ بنے ہیں- انہوں نے کہا کہ گرفتاری کے دوران فلسطینی بچوں پر تشدد روا رکھنا صیہونی فوجیوں کی منظم پالیسی میں تبدیل ہو گیا ہے- عابد ابو قطیش نے کہا کہ صیہونی حکومت نے جولائی کے آخر تک ایک سو ترپن فلسطینی بچوں کو گرفتار کیا جن میں انیس ایسے بچے ہیں جن کی عمر سولہ سال سے کم ہے- مقبوضہ فلسطین میں بچوں کا قتل عام اور ان کو جلا دینا، فلسطینیوں کے گھروں کو تباہ کرنا، جیلوں میں اذیت رسانی اور فلسطینیوں کو جلا وطن کرنا ایسی غیر انسانی روش کا حصہ ہے جس پر فلسطینیوں کی نسل کشی اور فلسطینی سرزمین کو فلسطینیوں کے وجود سے خالی کرانے کے مقصد سے عمل کیا جارہا ہے نیز یہ روش فلسطینی بچوں کے حقوق اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی شمار ہوتی ہے-