صیہونیوں کے جرائم پر فلسطینی مزاحمتی کمیٹیوں کا شدید ردعمل
https://urdu.sahartv.ir/news/middle_east-i198032-صیہونیوں_کے_جرائم_پر_فلسطینی_مزاحمتی_کمیٹیوں_کا_شدید_ردعمل
فلسطین کی مزاحمتی کمیٹیوں نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینیوں اور مسجدالاقصی کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم کا ٹھوس جواب دیا جانا چاہئے-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Sep ۱۳, ۲۰۱۵ ۱۱:۴۱ Asia/Tehran
  • صیہونیوں کے جرائم پر فلسطینی مزاحمتی کمیٹیوں کا شدید ردعمل

فلسطین کی مزاحمتی کمیٹیوں نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینیوں اور مسجدالاقصی کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم کا ٹھوس جواب دیا جانا چاہئے-

فلسطین کی مزاحمتی کمیٹیوں نے اتوار کے روز ایک بیان جاری کرکے مسجد الاقصی میں نمازیوں پر صیہونی حکومت کے حملے کی مذمت کی ہے- اس بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں اور مسجد الاقصی کے خلاف صیہونیوں کے جرائم کے پیش نظر مقدس مقامات کے دفاع کی انتفاضہ شروع ہونی چاہئے اور مسجد الاقصی کے لئے وقت اور مقام کی تقسیم کے صیہونیوں کے منصوبے کا مقابلہ کیا جانا چاہئے- فلسطین کی مزاحمتی کمیٹیوں نے اپنے بیان میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ صیہونیوں کے جرائم کے سامنے ہرگز شکست تسلیم نہیں کریں گے، کہا ہے کہ صیہونیوں نے غزہ میں اپنی پچاس روزہ جارحیت میں فلسطینیوں کی مزاحمت سے عبرت حاصل نہیں کی ہے اور اس بار ان کو پہلے سے زیادہ شدید جواب ملے گا- ادھر لبنان میں فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک کے نمائندے ابو عماد رفاعی نے بھی فلسطینیوں کے خلاف صیہونیوں کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکومت عرب اقوام کے اپنے داخلی مسائل میں الجھے رہنے سے فائدہ اٹھا رہی ہے اور مسجد الاقصی کے لئے وقت اور مقام کی تقسیم کا منصوبہ مسلط کرنے کے درپے ہے- واضح رہے کہ سیکڑوں اسرائیلی فوجیوں نے اتوار کی صبح مسجدالاقصی پر حملہ کرکے فلسطینی نمازیوں کو زد و کوب کیا جس کے نتیجے میں دسیوں فلسطینی نمازی زخمی ہو گئے-