صیہونیوں کے خلاف ٹھوس موقف اختیار کیا جائے: حماس کا مطالبہ
Sep ۱۶, ۲۰۱۵ ۱۳:۱۰ Asia/Tehran
حماس نے مسجد الاقصی کے خلاف صیہونی حکومت کے اقدامات کے سلسلے میں عرب ممالک سے ٹھوس موقف اختیار کرنے کا مطالبہ کیا ہے-
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے بدھ کے روز ایک بیان میں صیہونیوں کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عرب ممالک جو کم سے کم کام کر سکتے ہیں وہ یہ ہے کہ صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف اپنے اپنے ممالک سے اس حکومت کے سفیروں کو باہر نکال دیں اور مقبوضہ فلسطین سے اپنے اپنے سفیروں کو واپس بلا لیں- حماس نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ فلسطینی عوام صیہونی حکومت کے جرائم کے آگے نہیں جھکیں گے، کہا ہے کہ انتفاضہ الاقصی کے قیام کو روکنے کے سلسلے میں اسرائیل کے سرکوبی کے تمام اقدامات ناکامی سے دوچار ہوں گے- حماس نے اپنے بیان میں ملت فلسطین کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت کے لئے بین الاقوامی اداروں کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے تمام مزاحمتی تنظیموں سے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ وہ صیہونی غاصبوں کا ہر ممکن طریقے سے مقابلہ کریں- فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے صیہونی حکومت کے ساتھ محدود خود مختار فلسطینی انتظامیہ کے تعاون پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی انتظامیہ غرب اردن میں حماس اور اس کے ارکان کو سرکوب کر کے، غزہ کے عوام کا محاصرہ کر کے اور ان کو اذیت پہنچا کر نیز مقبوضہ فلسطین سے باہر فلسطینی پناہ گزینوں کی تحقیر و توہین اور ان پر تشدد کر کے ملت فلسطین کی جدوجہد کو اس کے اصل راستے سے ہٹانے کے درپے ہے- واضح رہے کہ صیہونی فوجیوں اور انتہا پسند صیہونی آبادکاروں نے بدھ کو بھی لگاتار چوتھے روز مسجدالاقصی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں تیس سے زیادہ فلسطینی زخمی ہو گئے-