روس، امریکہ کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس کا بائیکاٹ
Sep ۳۰, ۲۰۱۵ ۱۲:۰۷ Asia/Tehran
-
روس، امریکہ کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس کا بائیکاٹ
روس نے اقوام متحدہ میں امریکہ کی سربراہی میں ہونے والے انسداد دہشت گردی اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔
روس نے اقوام متحدہ میں امریکہ کی سربراہی میں ہونے والے انسداد دہشت گردی اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ روس نے کہا ہے کہ امریکہ اقوام متحدہ کے کاموں میں مداخلت کررہا ہے اور اس طرح خود کو دنیا کا قائد ظاہر کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ارنا کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں روس کے سفیر ویتالی چورکین نے کہا ہے کہ امریکہ کا یہ اقدام اقوام متحدہ کے کاموں میں مداخلت کرنا ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ حالات سے غلط فائدہ اٹھا کر نیز اقوام متحدہ کے فرائض میں مداخلت کرکے اپنی چودھراہٹ نہیں دکھاسکتا۔ ویتالی چورکین نے کہا کہ امریکہ کے اس اقدام سے اقوام کے پروگراموں میں خلل پڑتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے پروگراموں ، ایجنڈے اور اس کے خاص رویوں کے مطابق عمل ہونا چاہیے۔ روسی سفیر نے امریکہ کی جانب سے اقوام متحدہ کے کاموں میں مداخلت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کے حکام اس طرح دنیا کے قائد ہونے کا دعوی ثابت کرنا چاہتے ہیں اور وہ بھی محض کاغذ پر۔
واضح رہے منگل کو اقوام متحدہ میں امریکی صدر کی سربراہی میں انسداد دہشتگردی اجلاس ہوا۔ یہ اجلاس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوا ہے۔
امریکی صدر باراک اوباما نے اس اجلاس کے ذریعے داعش مخالف اتحاد کے ارکان کو دوبارہ منظم کرنے کی کوشش کی ہے۔ امریکہ کی سربراہی میں داعش مخالف اتحاد کو چندان کامیابی نصیب نہیں ہوئی ہے۔
ادھر روس کے نائب وزیر خارجہ میخائل بوگدانف نے کہا ہے کہ ماسکو بدھ کے دن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں دہشتگردی سے مقابلے کی قرارداد کا مسودہ پیش کرے گا۔
ٹیگس