عراقی فوج کی کارروائی، سینکڑوں دہشت گرد ہلاک
Nov ۰۷, ۲۰۱۵ ۱۶:۴۶ Asia/Tehran
-
عراقی فوج کی کارروائی، سینکڑوں دہشت گرد ہلاک
عراق کے صوبہ الانبار اور صلاح الدین میں عراقی افواج کے حملوں میں سیکڑوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔
رپورٹوں کے مطابق عراقی افواج نے صوبہ الانبار کے علاقے بوحیات میں داعش کی متعدد سرنگوں کا پتہ لگاکے ان کو تباہ کردیا ہے۔ اس کارروائی میں متعدد دہشت گردوں کے مارے جانے کی خبر ہے۔دوسری طرف عراقی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے داعش کے ایک کارواں پر موصل سے نکلنے کے بعد بمباری کردی ۔ اس بمباری میں داعش کی اٹھارہ گاڑیاں تباہ اور درجنوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں چھبیس کا تعلق چچنیا سے بتایا گیا ہے
اسی کے ساتھ سومریہ نیوزسائٹ نے رپورٹ دی ہے کہ شہر بیجی کے مغرب میں عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ایک مشترکہ آپریشن میں تکفیری دہشت گردوں کی چار گاڑیاں تباہ اور ان میں موجود سبھی دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔
ادھر البغدادیہ نیوز نے رپورٹ دی ہے کہ شہر فلوجہ میں داعش کے ایک خفیہ ٹھکانے پر فوج کے حملے میں کم سے کم چار دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ دوسری طرف رمادی کے شمال میں واقع علاقے الجراشی میں ایک فضائی حملے میں داعش کی دوگاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں۔ ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ البومرعی نامی علاقے میں چار دہشت گرد مارے گئے اور ان کی بچھائی ہوئی چوبیس بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنادیا گیا۔
ہمارے نمائندے کے مطابق عراقی ذرائع نے بتایا ہے کہ بیجی کے مغرب میں واقع علاقے الصینیہ میں داعش کے ایک حملے کو پسپا کردیا گیا ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ داعش کے حملے کے بعد عراقی افواج نے اپنے جوابی حملے میں داعش کے کم سے کم ساٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ۔