عراقی وزیراعظم کا ترکی کو شدید انتباہ
Dec ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۷:۴۶ Asia/Tehran
عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے ترکی کے خلاف قانونی اور سفارتی چارہ جوئی کا عندیہ دیا ہے۔
بغداد میں عراقی وزیر اعظم کے ترجمان سعد الحدیثی نے کہا ہے کہ اگر ترکی نے شمالی عراق سے اپنے فوجی واپس نہ بلائے تو اس کے خلاف قانونی اور سفارتی چارہ جوئی کی جائے گی۔ ترکی نے دعوی کیا ہے اس کے فوجی موصل میں کرد فورس کے تربیتی مشن پر ہیں۔ عراقی وزیراعظم کے ترجمان نے ترکی کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عراق میں دیگر ملکوں کے تربیتی مشن بھی موجود ہیں لیکن ان میں سے کوئی بھی مسلح نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ترک فوج تربیتی مشن پر ہے تو بھاری اسلحہ اور ٹینک کس لیے اپنے ساتھ لائی ہے۔ عراقی وزیراعظم کے ترجمان نےکہا کہ ترک فوج عراق کی مرکزی حکومت کی اجازت کے بغیر ملک میں داخل ہوئی ہے جو ہمارے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی ہے۔ عراق کے وزیردفاع خالدالعبیدی نے بھی ترک فوج کے داخلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اپنے ملک کے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی قراردیا ہے۔ انہوں نے اپنے ترک ہم منصب عصمت یلماز کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انقرہ کا یہ اقدام اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کے منافی ہے۔