جابری انصاری سے دی میستورا کی ملاقات
-
شام کے امور میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری بان کی مون کے خصوصی نمائندے دی میستورا کی حسین جابری انصاری کے ساتھ ملاقات
شام کے امور میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کے خصوصی نمائندے نے ایران کے نائب وزیر خارجہ سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔
شام کے امور میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری بان کی مون کے خصوصی نمائندے دی میستورا نے کہ جو شام کے حالات کے بارے میں صلاح و مشورے کی غرض سے تہران کے دورے پر ہیں، اتوار کو ایران کے نائب وزیر خارجہ سے ملاقات اور گفتگو کی-
حسین جابری انصاری نے اس ملاقات میں بحران شام کے پیچیدہ ہونے اور اس بحران کے بعض بااثر بازی گروں کی جانب سے فوجی مقابلہ آرائی میں اپنے شکست خوردہ اہداف کو سیاسی طریقے سے عملی جامہ پہنانے کی پالیسی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بحران کے آغاز سے اب تک اسلامی جمہوریہ ایران، شام کے بحران کے خاتمے کی اسٹریٹیجی کی حیثیت سے سیاسی راہ حل پر تاکید کرتا رہا ہے-
ایران کے نائب وزیر خارجہ نے شام کے بحران کی سیاسی راہ حل کی کامیابی کے لئے سب سے اہم قدم اس ملک کے حقائق پر توجہ دیے جانے کو قرار دیا اور کہا کہ سیاسی و جنگی حقائق کو مد نظر رکھے بغیرسیاسی راہ کی کامیابی کا امکان نہیں ہے-
جابری انصاری نے ایران کی جانب سے بحران شام کی سیاسی راہ حل کی حمایتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس راہ حل کا ساتھ دے گا جو شام کی حکومت، قوم اور سیاسی گروہوں کے لئے قابل قبول ہوگا-
اس ملاقات میں فریقین نے بحران شام کے سیاسی راہ حل کے لئے مسلسل صلاح و مشورہ جاری رکھنے پر تاکید کی-