پاکستان: کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان
نواز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور شناخت کا لازمی جز ہےاور کشمیریوں کو مسئلہ کشمیر کے حتمی حل کا حصہ ہونا چاہیے۔
اسلام آباد میں کشمیر سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ۔انہوں نے کہا کہ حق اور سچ کی آواز کو گولیوں سے نہیں دبایا جاسکتا ، کشمیریوں کو ان کی آزادی مل کر رہے گی
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں برہان وانی کی ہلاکت کے بعد تحریک آزادی کی لہر میں جو جوش و ولولہ پیدا ہوا ہے اس کو دیکھ کر ہندوستان پریشانی کا شکار ہوگیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں اور مسئلہ کشمیر کے حل میں کشمیری عوام کو ہی فیصلے کا بنیادی حق حاصل ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کےلیے سیمینار کا بروقت انعقاد کیا گیا، اقوام متحدہ نے 70 سال قبل کشمیریوں کو آزادی دینے کاوعدہ کیا تھا، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے۔