سعودی فوجی اتحاد میں پاکستان کی شمولیت پر نکتہ چینی
پاکستان کے ارکان سینیٹ نے یمنی عوام کے خلاف قائم سعودی فوجی اتحاد میں پاکستان کی شمولیت پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔
سینیٹر فرحت اللہ بابر، جاوید عباسی اور نسرین جلیل سمیت متعدد ارکان سینیٹ نے وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کو جوابدھی کے لیے سینیٹ میں طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔مذکورہ ارکان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ ایوان کے سامنے خودساختہ سعودی فوجی اتحاد میں پاکستان کے کردار اور مشارکت کے طریقہ کار کی وضاحت پیش کریں۔پاکستانی سینیٹ کے مذکورہ ارکان کا کہنا ہے کہ حکومت نے اب تک سعودی عرب کی قیادت میں قائم یمن مخالف فوجی اتحاد میں پاکستان کی شمولیت کے حوالے سے ایوان کو اعتماد میں نہیں لیا ہے۔پاکستانی فوج کے سابق سربراہ جنرل راحیل شریف نے آٹھ ماہ قبل پارلیمنٹ کی اجازت کے بغیر، سعودی فوجی اتحاد کی قیادت سنبھالی تھی جس پر اندرون ملک شدید تنقید کی جارہی ہے۔یہ ایسی حالت میں ہے پاکستان کی قومی اسمبلی نے ایک متفقہ قرار داد کے ذریعے حکومت کو جنگ یمن میں غیر جانبدار رہنے کا حکم دیا تھا۔