امریکی دباؤ کے سامنے نہ جھکنے کا اعلان
پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا کا دباؤ نہ پہلے قبول کیا اور نہ اب قبول کریں گے۔
عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ پہنچنے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنی ایٹمی پالیسی امریکا سے پوچھ کر نہیں بنانی اور نہ ہی ہمیں اُن سے پوچھ کر ترمیم کرنی ہے۔
خواجہ آصف نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں اپنے دفاع کا پورا حق ہے، امریکا کا دباؤ نہ 1998ء میں ایٹمی دھماکے کرتے وقت قبول کیا اور نہ اب کریں گے۔
پاکستان کی سیاسی صورت حال کے حوالے سے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جن جماعتوں کو 2018 کے انتخابات میں شکست نظرآ رہی ہے وہ گومگو کی صورتحال پیدا کر رہی ہیں لیکن ملک میں سینیٹ اور عام انتخابات وقت پر ہوں گے اورعوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کر کے عوام کے سامنے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کے لیے ڈیووس پہنچ چکے ہیں جہاں وہ کئی بین الاقوامی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔