پاکستان کے وزیر خارجہ چین روانہ
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورت حال کا جائزہ لینے کی غرض سے جمعے کو چین کے لئے روانہ ہو گئے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنے دورہ چین میں ہندوستان کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے بارے میں نئی دہلی حکومت کے تازہ فیصلے پر تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ اس سلسلے میں پاکستان کے موقف پر چینی حکام کی سیاسی و سفارتی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔
اس سے قبل پاکستان کے وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر کو سیاسی و سفارتی طریقے سے حل اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی بنیاد پر کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا اختیار ہونے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے اسی کے ساتھ اعلان کیا تھا کہ نئی دہلی سے پاکستان کے سفیر کو واپس بلایا جا رہا ہے اور ہندوستان کے سفیر کو پاکستان سے واپس جانے کا حکم دے دیا گیا ہے۔