پاکستان، افغانستان اور ہندوستان کی تجارت میں روکاوٹ نہیں بنے گا
Aug ۲۴, ۲۰۱۹ ۱۵:۲۷ Asia/Tehran
پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک ہندوستان کے ساتھ افغانستان کی تجارت میں روکاوٹ ڈالنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔
اسلام آباد میں افغان دانشوروں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ان کا ملک ہندوستان کے ساتھ کشیدگی کے باوجود افغانستان اور ہندوستان کے درمیان تجارتی سرگرمیاں روکنے کا کوئی اردہ نہیں رکھتا ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان اور ہندوستان کے درمیان تجارت میں کوئی روکاوٹ نہیں بنے گا اور نہ ہی افغان ٹرکوں کی رفت و آمد پر کوئی پابندی عائد کی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان نے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے، ہندوستان کے ساتھ تجارت معطل اور اس کے ملک کے سفیر کو بے دخل کردیا ہے۔
پاکستانی وزیر خارجہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب افغان ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اسلام آباد، افغان تاجروں کے لیے زمینی راستہ کھولنے سے متعلق کابل کی درخواستوں پر توجہ نہیں دے رہی۔