افغانستان و پاکستان میں شدید زلزلے
افغانستان کے دارالحکومت کابل اور پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں زلزلے کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا
افغان خبررساں ایجنسی آوا نے خبردی ہے کہ افغانستان کے مقامی وقت کے مطابق بدھ کو سہ پہر سوا تین بجے کابل شہر زلزلے سے لرز اٹھا جس کے نتیجے میں لوگ سراسیمگی کے عالم میں گھروں، دفتروں اور دوکانوں سے نکل کر بھاگنے لگے - دوسری جانب پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے بھی مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا - یہ زلزلے پشاور ، لوئر دیر سمیت دیگر علاقوں میں آئے جس کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد خوفزدہ ہوکرگھروں اور دوکانوں سے باہر نکل پڑی۔ سوات، ہزارہ ڈویژن اور ایبٹ آباد میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے - زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ دو ریکارڈ تھی جبکہ زلزلہ کا مرکز افغانستان میں کوہ ہندوکش کا علاقہ تھا - کہیں سے بھی کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔