پاکستان نے نیا ہندوستانی نقشہ مسترد کردیا
Nov ۰۳, ۲۰۱۹ ۱۴:۵۸ Asia/Tehran
حکومت پاکستان نے ہندوستان کی جانب سے جاری کیے جانے والے نئے سیاسی نقشے کو مسترد کردیا ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان کے دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان میں ہندوستان کی جانب سے جاری کردہ نئے سیاسی نقشے کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نئی دہلی کا یہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے سراسر منافی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کے اس اقدام سے جموں کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں ہوسکتی۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان میں ایک بار پھر جموں کشمیر کے عوامی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کی وزارت داخلہ نےگزشتہ روز ملک کا نیا نقشہ جاری کیا ہے جس میں کشمیر کے دونوں حصوں اوراسی طرح پاکستان کے صوبے گلگت بلتستان کو ہندوستان کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔حکومت ہندوستان نے اکتیس اکتوبر سے مسلم اکثریتی علاقے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم اور اس علاقے کو باضابطہ طور دو حصوں میں تقسیم کردیا ہے جس کے خلاف وادی میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔
ٹیگس