طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لئے ایئربس کی ٹیم پاکستان پہنچ گئی
کراچی میں پی آئی اے کے طیارے کے حادثے کی تحقیقات کے لیے ایئربس بنانے والی کمپنی کے ٹیکنیکل ایڈوائزر کی 11 رکنی ٹیم آج منگل کی صبح کراچی پہنچ گئی ۔
پاکستان ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ٹیکنیکل ماہرین 22 مئی کو کراچی میں پرواز پی کے 8303 کی تباہی کی وجوہات کی تحقیقات اور طیارہ حادثے کی پاکستانی تحقیقاتی ٹیم سے مشاورت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق طیارہ ساز کمپنی کی ٹیکنیکل ٹیم کے ارکان کراچی ایئرپورٹ کے رن وے 25 ایل کا معائنہ کریں گے جہاں پائلٹ نے اس پرواز کو گیئر کھولے بغیر لینڈ کرانے کی کوشش کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم طیارے کا بلیک باکس اور دیگر ضروری آلات اپنے ساتھ لے جائے گی۔
یاد رہے کہ 22 مئی کو پی آئی اے کا لاہور سے کراچی جانے والا طیارہ رن وے سے چند سیکنڈ کے فاصلے پر آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں جہاز کے عملے سمیت 97 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 2 افراد معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔
اسلامی جمہوریہ ایران سمیت کئی ممالک نے حادثے پر دکھ اور لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا تھا۔