جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں اور اراکین اسمبلی کی گرفتاری اور رہائی
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i402194-جمعیت_علماء_اسلام_کے_کارکنوں_اور_اراکین_اسمبلی_کی_گرفتاری_اور_رہائی
گزشتہ رات پارلیمنٹ لاجز سے حراست میں لیے گئے جمعیت علماء اسلام( ف) کے کارکنوں اور اراکین قومی اسمبلی کو رہا کر دیا گیا۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Mar ۱۱, ۲۰۲۲ ۰۷:۴۴ Asia/Tehran
  • جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں اور اراکین اسمبلی کی گرفتاری اور رہائی

گزشتہ رات پارلیمنٹ لاجز سے حراست میں لیے گئے جمعیت علماء اسلام( ف) کے کارکنوں اور اراکین قومی اسمبلی کو رہا کر دیا گیا۔

جے یو آئی( ف) کے تمام کارکنوں کو شخصی ضمانت اور ضمانتی مچلکوں پر رہا کیا گیا۔ رہائی کے بعد جےیوآئی ف کے کارکن اور دونوں ایم این ایز تھانہ آبپارہ سے روانہ ہو گئے۔ جے یو آئی ف کے گرفتار کارکنان کو جیل وین میں تھانہ آبپارہ متقل کیا گیا تھا۔

پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام کے دو ارکان قومی اسمبلی کو ہم نے گرفتار نہیں کیا۔

اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ  جے یو آئی ارکان قومی اسمبلی کو ہم نے گرفتار نہیں کیا بلکہ ہم مولانا فضل الرحمان کو بھی گرفتار نہیں کریں گے، ان کی کمپنی کی مشہوری نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹے گا، جو تشدد کرے گا اسے کچل دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پارلیمنٹ لاجز میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے محافظ دستے انصار الاسلام کی موجودگی پر وفاقی پولیس نے آپریشن کر کے رکن قومی اسمبلی سمیت دیگر رہنماؤں کو گرفتار کر لیا تھا۔

پارلیمنٹ لاجز اسلام آباد میں آپریشن ڈی آئی جی آپریشنز کی کمانڈ میں کیا گیا۔ میڈیا کو پارلیمنٹ لاجز سے نکال دیا گیا جس کے بعد پولیس کی نفری نے صلاح الدین ایوبی کے لاج کا دروازہ توڑ کر گرفتاریاں شروع کیں۔ پولیس نے 10 افراد کو تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا ہے۔

گرفتار ہونے والوں میں جے یو آئی کے رکن قومی اسمبلی صلاح الدین ایوبی، جمال الدین اور جے یو آئی اسلام آباد کے ترجمان مفتی عبداللہ بھی شامل ہیں۔ پولیس نے انصار الاسلام کیخلاف آپریشن 30 منٹ تک جاری رہا جبکہ اس دوران انصار اسلام کے کئی رہنما کپڑے بدل کر لاجز سے نکل گئے۔

پولیس آپریشن کے بعد پارلیمنٹ لاجز میں پولیس کی مزید نفری بھی تعینات کردی گئی ہے جبکہ آپریشن کرنے والی ٹیم پارلیمنٹ لاجز سے روانہ ہوگئی۔