Aug ۰۲, ۲۰۲۱ ۰۷:۱۷ Asia/Tehran
  • وینڈوز-11 بازار میں آنے سے پہلے ہی ہیکروں کا شکار

وینڈوز- 11 اپنی ریلیز سے پہلے ہی وائرسوں اور ہیکروں کا شکار ہو گئی ہے۔

موصولہ رپورٹوں کے مطابق، ابھی مائیکرو سافٹ کا اگلا آپریٹنگ سسٹم وینڈوز -11 بازار میں آیا ہی نہیں کہ ہیکروں کے ہتھے چڑھ گیا۔

بتایا جاتا ہے کہ ہیکروں نے مائیکرو سافٹ کے اگلے آپریٹنگ سسٹم ’وینڈوز- 11‘ کو ریلیز سے پہلے ہی اپنا شکار بنا کر طرح طرح کے وائرسوں میں مبتلا کردیا ہے۔

انٹرنیٹ سکیورٹی فرم ’’کیسپرسکی‘‘ نے اس حوالے سے ایک وارننگ بھی جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ چوری شدہ سافٹ ویئر مفت میں فراہم کرنے والی مختلف ویب سائٹس پر وینڈوز- 11 کی انسٹالیشن فائلز موجود ہیں جنہیں نئی وینڈوز انسٹال کرنے کے علاوہ موجودہ وینڈوز کو اپ گریڈ کرنے میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

کیسپرسکی کے مطابق، یہ تمام انسٹالیشن فائلز مشکوک ہیں مگر ان میں سے ایک خاص فائل، جو 86307_windows 11 build 21996.1 x64 + activator.exe کے نام سے ہے اور جس کا سائز 1.75 گیگابائٹس ہے، کئی طرح کے وائرسوں سے آلودہ ہے۔

بظاہر وینڈوز- 11 محسوس ہونے والی اس فائل کے انسٹال ہوتے ہی صارف کا کمپیوٹر سست پڑ جاتا ہے اور اسکرین پر درجنوں اشتہارات کی بھرمار ہوجاتی ہے۔

یہی نہیں بلکہ جعلی وینڈوز- 11 کے بعض ورژنز میں صارف کے کمپیوٹر کی جاسوسی کرنے والے سافٹ ویئر "اسپائی ویئر" اور ’کی لاگرز‘ تک موجود ہیں جن کے ذریعے نامعلوم ہیکرز یہاں تک جان سکتے ہیں کہ آپ نے اپنے کمپیوٹر کون کونسے بٹن کب اور کس ترتیب سے دبائے۔

ان ہی معلومات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کوئی ہیکر آپ کے ای میل پاس ورڈ سے لے کر بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات تک، تقریباً ہر چیز سے واقف ہو کر آپ کو ناقابلِ تلافی نقصان بھی پہنچا سکتا ہے۔

ٹیگس