کرکٹ، پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا کی فتح
https://urdu.sahartv.ir/news/sports-i206226-کرکٹ_پہلے_ون_ڈے_میں_آسٹریلیا_کی_فتح
ون ڈے کرکٹ سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jan ۱۲, ۲۰۱۶ ۱۶:۳۶ Asia/Tehran
  • کرکٹ، پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا کی فتح

ون ڈے کرکٹ سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے ہندوستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔

پرتھ میں کھیلے گئے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں ہندوستانی ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہندوستانی ٹیم نے مقررہ پچاس اوور میں تین سو نو رن بنائے اور اس کے صرف تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ ہندوستان کی جانب سے روہت شرما اور ویراٹ کوہلی نے دوسری وکٹ کی شراکت میں دو سو سات رن بنائے جبکہ کوہلی اکیانوے رن بنا کر فلکنر کی گیند پر باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ روہت شرما نے تیرہ چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے شاندار ایک سو اکہتر رن بنائے۔ آسٹریلیا کے جیمز فلکنر نے دو جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ شروع میں ہندوستان کی جانب سے دیا جانے والا تین سو نو رن کا ہدف میزبان ٹیم کے لئے خاصا دشوار دکھائی دے رہا تھا۔ اتنے بڑے ہدف کے لئے کینگروز کا آغاز انتہائی خراب رہا۔ آسٹریلیا کے اوپنر ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر دونوں مجموعی طور پر اکیس رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر اسٹیو اسمتھ بیٹنگ کرنے آئے۔ انہوں نے اور جارج بیلی نے مل کر ٹیم کے اسکور میں زبردست اضافہ کیا اور چار سو بیالیس رن بنائے۔ اسمتھ نے گیارہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ایک سو انچاس رن بنائے اور میچ کے آخری اوور کی پہلی گیند پر اس وقت آؤٹ ہوئے جب آسٹریلیا کو جیت کے لئے صرف دو رن کی ضرورت تھی۔ بیلی نے دو چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے ایک سو بارہ رن بنائے تاہم وہ ایشون کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔ مچل مارش نے کینگروز کے لئے فاتحانہ رن حاصل کیا اور یوں آسٹریلیا نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو پہلے ایک روزہ میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی۔ ہندوستان کی جانب سے سرن نے تین اور ایشون نے دو وکٹ حاصل کئے۔ آسٹریلیا کے بلے باز اسٹیو اسمتھ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ سیریز کا دوسرا میچ پندرہ فروری کو برسبین میں کھیلا جائے گا۔