دوسرے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا کے ہاتھوں ہندوستان کی شکست
آسٹریلیا نے دوسرے ایک روزہ میچ میں ہندوستان کو سات وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں صفر دو کی برتری حاصل کر لی۔
برسبین کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوور میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر تین سو آٹھ رن بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے روہت شرما نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے تین چھکوں اور گیارہ چوکوں کی مدد سے ایک سو چوبیس رن بنائے۔
ہندوستان کے اجنکیا ریحانے نے نواسی، ویرات کوہلی انسٹھ، شیکھر دھون چھے، مہندر سنگھ دھونی گیارہ، منیش پانڈے چھے، روندر جڈیجا پانچ اور ایشوین نے صرف ایک رن بنایا۔ آسٹریلیا کی جانب سے جیمز فالکنر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جول پارس، ہیسٹنگز اور سکاٹ بولانڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہندوستان کے تین سو آٹھ رن کے جواب میں آسٹریلوی اوپنروں ایرون فنچ اور شان مارش نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے اشتراک سے آسٹریلوی ٹیم کا اسکور ایک سو پینتالیس پر پہنچ گیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے اکہتر، اکہتر رنز کی اننگز کھیلی۔
دیگر بیٹسمینوں میں اسٹیو اسمتھ نے چھیالیس، جارج بیلی نے چھیّتر اور گلین میکسویل نے چھبیس رن بنائے۔ ہندوستان کی جانب سے ایشانت شرما، امیش یادو اور رویندر جڈیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔