ایشیاکپ ٹی ٹوئنٹی، بنگلہ دیش کے ہاتھوں سری لنکا کو شکست
https://urdu.sahartv.ir/news/sports-i213823-ایشیاکپ_ٹی_ٹوئنٹی_بنگلہ_دیش_کے_ہاتھوں_سری_لنکا_کو_شکست
ایشا کپ ٹی ٹوئنٹی کے پانچویں مقابلے میں میزبان بنگلا دیش نےسری لنکا کو تیئیس رن سے شکست دے دی ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Feb ۲۸, ۲۰۱۶ ۱۸:۰۶ Asia/Tehran
  • ایشیاکپ ٹی ٹوئنٹی، بنگلہ دیش کے ہاتھوں سری لنکا کو شکست

ایشا کپ ٹی ٹوئنٹی کے پانچویں مقابلے میں میزبان بنگلا دیش نےسری لنکا کو تیئیس رن سے شکست دے دی ہے۔

سحر عالمی نیٹ ورک کی اسپورٹس ڈیسک کے مطابق بنگلا دیش نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور سات وکٹوں کے نقصان پر ایک سوسینتالیس رن بنائے۔

بنگلا دیش کی جانب سے صابر رحمان نے سب سے زیادہ اسّی رن بنائے ۔دیگر کھلاڑیوں میں شکیب الحسن نے بتیس اور محمد اللہ تئیس رن بنائے۔ سری لنکا کے چمیرا نے تین جبکہ میتھیوز اور کالوسیکارا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ دو کھلاڑی رن آوٹ بھی ہوئے۔

سری لنکا نے ایک سو اڑتالیس کے ہدف کے لیے بیٹنگ کا اچھا آغاز کیا مگر بعد میں صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی۔ سری لنکا کی طرف سے چندی مل نے سینتس،جے سوریا نے چھبیس ،شانکانے چودہ ،تلکارتنے دلشان اور اینجلومیتھیوز نے بارہ ،بارہ رن بنائے۔باقی کوئی بھی کھلاڑی بنگلہ دیش کے بولروں کے سامنے جم کر نہیں کھیل سکا۔

بنگلا دیش کے امین الحسن نے تین ،شکیب الحسن نے دو ،مشرفی مرتضیٰ ، محمد اللہ اور مستفیض الرحمان نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں بنگلا دیش کا یہ تیسرا میچ تھا۔ بنگلہ دیش نے پچھلے تین میچوں میں سے دو میں کامیابی حاصل کی جبکہ ہندوستان کے مقابلے میں اسے شکست کھانا پڑی۔ سری لنکا سے کامیابی کے بعد فائنل کیلئے بنگلہ دیش کی پوزیشن بہتر ہوگئی ہے۔