یوروکپ- 2016 پرتگال سیمی فائنل میں پہنچ گیا
یورو کپ دو ہزار سولہ کے کوارٹر فائنل میں پرتگال نے پولینڈ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
فرانس کے شہر مارسیل میں کھیلے گئے یورو کپ دو ہزار سولہ کے پہلے کوارٹر فائنل میں پرتگال اور پولینڈ کی ٹیموں کے درمیان میچ انتہائی اعصاب شکن ثابت ہوا۔
میچ کے دوسرے ہی منٹ میں پولینڈ کے کپتان روبرٹ لیونڈوسکی نے شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی لیکن پولش ٹیم کی برتری صرف تینتسویں منٹ تک ہی برقرار رہی۔ پرتگال کے ریناٹو سانچیز نے گول کر کے اسکور ایک ایک سے برابر کر دیا۔ مقررہ وقت تک میچ ایک ایک گول سے برابر رہا اور اضافی وقت میں بھی کوئی ٹیم گول نہ کر سکی۔ میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے پینالٹی کا سہارا لیا گیا جس میں پرتگال نے پولینڈ کے خلاف تین کے مقابلے میں پانچ گول سے برتری حاصل کی اور وہ سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔ پرتگال کی ٹیم چھے جولائی کو یورو کپ دو ہزار سولہ کے فیصلہ کن مرحلے میں ویلز یا بیلجیئم کا مقابلہ کرے گی۔ پرتگال کی ٹیم پانچویں بار یورو کپ کے سیمی فائنل میں پہنـچی ہے تاہم کبھی یورپیئن چیمپیئن بننے کا اسے اعزاز حاصل نہیں ہوا۔