پرتگال یورو 2016 کا چیمپیئن بن گیا
https://urdu.sahartv.ir/news/sports-i236089-پرتگال_یورو_2016_کا_چیمپیئن_بن_گیا
یورو کپ کے فائنل میچ میں پرتگال نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد فرانس کو شکست دے کر پہلی بار یورو کپ اپنے نام کرلیا-
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jul ۱۱, ۲۰۱۶ ۰۳:۲۵ Asia/Tehran
  • پرتگال یورو 2016 کا چیمپیئن بن گیا

یورو کپ کے فائنل میچ میں پرتگال نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد فرانس کو شکست دے کر پہلی بار یورو کپ اپنے نام کرلیا-

پیرس کے اسٹیڈ ڈی فرانس Stade de France گراؤنڈ میں کھیلےگئے یورو فٹبال کپ 2016 کے فیصلہ کن معرکے میں پرتگال اور میزبان فرانس کی ٹیموں نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔

نویں منٹ میں میزبان ٹیم کو گول کرنے کے دو بہترین مواقع ملے لیکن پرتگالی گول کیپر نے گیند کو جال تک نہ پہنچنے دیا۔ چوبیسویں منٹ میں پرتگالی ٹیم کے کپتان رونالڈو زخمی ہوکر مقابلے سے باہر ہوگئے اور ان کی جگہ ایڈر نے لی- پہلے ہاف میں کوئی بھی گول نہ ہوسکا۔ اسی طرح دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے منظم کھیل پیش کرتے ہوئے کوئی گول نہیں ہونے دیا، فرانس کو فائنل تک پہنچانے والے گریز مین بھی میچ میں کوئی خاص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے۔

مقررہ وقت میں میچ کا فیصلہ نہ ہونے کے باعث دونوں ٹیموں کےدرمیان اضافی وقت کاکھیل شروع ہوا جس میں دونوں ٹیموں کی جانب سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا گیا لیکن دونوں ٹیمیں پہلے ہاف کے اختتام تک بھی کوئی گول کرنے میں ناکام رہیں تاہم دوسرے ہاف میں پرتگال کے کھلاڑی ایڈر نے گول کرکے اپنی ٹیم کو0-1 کی برتری دلادی، میچ کے آخری لمحات میں فرانس کی جانب سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا گیا لیکن فرانسیسی ٹیم کوئی بھی گول کرنے میں ناکام رہی۔

واضح رہے کہ آخری دس باہمی میچزمیں پرتگال کو فرانس سے شکست ہوئی جب کہ فرانس پرتگال کو یورو کپ میں دو بار سیمی فائنلز میں شکست سے دوچار کرکے فاتح بننے کا اعزاز بھی حاصل کرچکا ہے، پرتگالی ٹیم کو اس سے قبل دوہزار چار کے یورو فائنل میں یونان نے 0-1 سے شکست دی تھی۔