پاکستان کے سابق کرکٹ اسٹار حنیف محمد انتقال کر گئے
https://urdu.sahartv.ir/news/sports-i242137-پاکستان_کے_سابق_کرکٹ_اسٹار_حنیف_محمد_انتقال_کر_گئے
پاکستان کے مایہ ناز کرکٹ اسٹار حنیف محمد طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Aug ۱۱, ۲۰۱۶ ۱۵:۱۶ Asia/Tehran
  • پاکستان کے سابق کرکٹ اسٹار حنیف محمد انتقال کر گئے

پاکستان کے مایہ ناز کرکٹ اسٹار حنیف محمد طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے۔

اکیاسی سالہ حنیف محمد طویل عرصے سے پھیپڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے۔ وہ پچھلے تین ہفتے سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے، جہاں طبیعت خراب ہونے پر چند روز قبل انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا۔

ابتدا میں حنیف محمد کے انتقال کی خبر ان کے صاحبزادے شعیب محمد نے میڈیا کو دی لیکن اسپتال انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ حنیف محمد زندہ ہیں اور ان کے دل کی دھڑکن چھے منٹ بند رہنے کے بعد دوبارہ بحال ہو گئی تھی تاہم چند گھنٹے بعد اسپتال انتظامیہ نے ہی ان کے انتقال کی تصدیق کی۔

حنیف محمد اکیس دسمبر انیس سو چونتیس کو جوناگڑھ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز اکتوبر انیس سو باون میں ہندوستان کے خلاف میچ سے کیا تھا۔ تاہم انیس سو اٹھاون میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اننگز نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے ہوم گراؤنڈ میں سولہ گھنٹے کی طویل اننگز کے دوران تین سو سینتس رن بنائے تھے۔ ان کا طویل اننگز کا یہ ریکارڈ آج تک کوئی نہیں توڑ سکا۔

ان کی عالمی مقبولیت کی دوسری وجہ یہ تھی کہ انہوں نے چار سو ننانوے رن بنا کر دنیائے کرکٹ کے بے تاج بادشاہ آسٹریلیا کے سر ڈان بریڈ مین کا تیس سال پرانا ریکارڈ توڑا۔ حنیف محمد نے انیس سو باون سے انیس انہتر تک پاکستان کی جانب سے پچپن ٹیسٹ میچ کھیلے۔