ریو پیرالمپک میں شریک ایرانی کھلاڑیوں کے نام رہبرانقلاب اسلامی کا پیغام
رہبرانقلاب اسلامی نے ریو پیرالمپیک میں ایرانی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کی تعریف کی ہے
رہبرانقلاب اسلامی نے ریو پیرالمپیک میں شہدائے منیٰ کے نام سے منسوب ایرانی کھلاڑیوں کے دستے کے نام اپنے پیغام میں فرمایا کہ آپ لوگوں نے شاندار کارنامے انجام دئے اور ایرانی عوام کو خوش کردیا - ریوپیرالمپک میں شریک کھلاڑیوں کے نام اپنے پیغام میں آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ منیٰ کے مظلوم شہیدوں کی فریاد آپ لوگوں نے پوری دنیا تک پہنچائی ہے اور احرام کا مبارک لباس پہن کر شعائر اسلامی کے دشمنوں کو بھرپور جواب دیا ہے - آپ نے شہدائے منیٰ نامی ریو پیرالمپک میں شریک ایرانی کھلاڑیوں کے دستے کی تعریف کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ایرانی کھلاڑی ہمیشہ کی طرح شرعی اصول و ضوابط کی پابندی کرتے ہوئے اس خود اعتمادی کے ساتھ جو ایرانی کھلاڑیوں کی شایان شان ہے کھیل کے میدانوں میں اترتے رہیں گے- رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ریوپیرالمپیک میں ایرانی کھلاڑی بہمن گلباد نژاد کی موت کے دردناک سانحے پر تعزیت پیش کی - ریو پیرالمپیک کے مقابلے میں ایران نے سونے کے آٹھ چاندی کے نو اور کانسی کے سات تمغے جیت کر پندرہواں مقام حاصل کیا - ریو پیرالمپک میں ایران کے ویٹ لفٹر سیامند رحمان نے تین سو دس کلو گرام وزن اٹھاکر جہاں سونے کا تمغہ جیتا وہیں عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیا - ایران کی والیبیال ٹیم نے بھی سونے کا تمغہ حاصل کیا جبکہ سات کھلاڑیوں والی ایران کی فوٹبال ٹیم اور پانچ کھلاڑیوں والی فوٹبال ٹیم نے ریو پیرالمپک میں چاندی کے تمغے جیتے ہیں اس درمیان پیرالمپک میں ایرانی خاتون کھلاڑیوں میں سارہ جوانمردی اور زہرا نعمتی نے بھی سونے کے تمغے حاصل کرکے اسلامی جمہوریہ ایران کا پرچم لہرایا - ریو پیرالمپک میں چین نے پہلی برطانیہ نے دوسری اور یوکرین نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے