فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے فنڈز روک لئے
عالمی فٹبال فیڈریشن فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کو فنڈز کی فراہمی روک دی ہے۔
میڈیا رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ فیفا کی ایگزیکٹیو کمیٹی نے پاکستان فٹبال فیڈریشن میں جاری تنازعے کے بعد فنڈز روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ فیفا کی ایگزیکٹیو کمیٹی کی جانب سے گذشتہ سال ستمبر میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کو دو سال میں معاملات کو درست کرنے کی مہلت تھی۔ قابل ذکر ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے گذشتہ سال ایک فیصلے کے ذریعے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے معاملات درست کرنے کے لئے ایڈمنسٹریٹر مقرر کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس سے قبل پی ایف ایف کے صدر کے انتخابات سے قبل فیڈریشن، دو حصوں میں بٹ گئی تھی۔ فیفا کے ترجمان نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ موجودہ صورت حال کو دیکھتے ہوئے فیفا کی جانب سے پی ایف ایف کو ترقیاتی فنڈز روک دیئے گئے ہیں۔ فنڈز کی کمی کے باعث پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم کی، نومبر میں ملائیشیا میں ہونے والے یکجہتی کپ میں شرکت کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔