بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو چونتیس رنز سے ہرا دیا
-
وکٹ کیپر بیٹسمین جونی بیرسٹو اور کپتان جوز بٹلر کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا۔
بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو چونتیس رنز سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کردی ہے۔
موصولہ رپورٹوں کے مطابق انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیش نے انگلینڈ کو چونتیس رنز سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کردی ہے۔
اس سے پہلے اتوار کو انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلش بولرز نے بہتر بولنگ کرتے ہوئے ہوم سائیڈ کو مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو اڑتیس رنز تک محدود رکھا۔
بنگلہ دیش کے آل رائونڈر محمود اللہ نے اٹھاسی گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے پچھتر رنز بنائے جبکہ ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے انتیس گیندوں میں دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے چوالیس رنز اسکور کیے۔
مشفق الرحیم نے اکیس، مصدق حسین نےانتیس اور ناصر حسین نے ستائیس رنز بنا کر اسکور کو بہتر مقام تک پہنچانے میں مدد کی۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس، عادل راشد اور جیک بال نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں مشرفی مرتضیٰ اور تسکین احمد کی تباہ کن بولنگ کے سبب انگلینڈ کی پوری ٹیم چوالیس اعشاریہ چار اوورز میں دو سو چار رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین جونی بیرسٹو اور کپتان جوز بٹلر کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا۔