ایران کی نیوکلیئر میڈیسن کی برآمدات جلد شروع ہوگی
ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی تیارکردہ نیوکلیئر میڈیسن کی برآمدات جلد ہی شروع کر دے گا
ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے منگل کو تہران میں سائنسدانوں کے ایک سیمینار کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے نیوکلیئر شعبے کے سائنسدانوں نے عالمی معیار کی نیو کلیئر میڈیسن تیارکرلی ہیں - انہوں نے کہا کہ ایران میں تیار کی گئی یہ نیوکلیئرمیڈیسن وسیع پیمانے پر بین الاقوامی منڈیوں میں برآمد کی جائے گی - انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ اس وقت ایران میں پچیس قسم کی نیوکلیئر میڈیسن تیارکی جارہی ہیں کہا کہ یہ دوائیں اس وقت علاقے کے ملکوں منجملہ عراق، مصر اور حتی جرمنی کو بھی برآمد کی جارہی ہیں لیکن جلد ہی پوری دنیا کے ملکوں میں بڑے پیمانے ان دواؤں کی برآمدات شروع ہوجائے گی - انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے نیوکلیئرمیدان میں فنی شعبے میں اہم پیشرفت کی ہے - ڈاکٹر علی اکبر صالحی نے کہا کہ ایٹمی معاہدہ ایرانی عوام کے عزم و ارادے کا مظہر ہے- ان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے مقابل فریق کو یہ باور کرا دیا ہے کہ ایران کے ایٹمی معاملے کو حل کرنے کے لئے مفاہمت آمیز طریقہ ہی کار گر ثابت ہوسکتا ہے -