ہندوستان نے ایک روزہ میچوں کی سیریز نیوزی لینڈ سے جیت لی
ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ کرکٹ میچوں کی سیریز کا پانچواں اور آخری میچ جیت لیا ہے۔
ویشاخاپٹنم میں کھیلے گئے اس ایک روزہ بین الاقوامی میچ کی جو خاص بات میچ کے آغاز میں ہی دیکھنے کو ملی وہ یہ تھی کہ ہندوستان کے سبھی کھلاڑی میدان پر ایسی شرٹ پہن کر اترے جس پر ان کے نام کے بجائے ان کی ماؤں کے نام لکھے ہوئے تھے - ہندوستانی کھلاڑیوں نے اس طرح ماں جیسی مقدس ہستی کی زحمتوں کو اپنے مخصوص انداز میں خراج تحسین پیش کیا -
ہندوستانی کھلاڑیوں کے اس پسندیدہ اقدام کو ملک کے ہر طبقے میں بیحد پذیرائی حاصل ہوئی- ویشاخاپٹنم میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوور میں چھے وکٹوں کے نقصان پر دوسو پینسٹھ رن بنائے- ہندوستان کی طرف سے روہت شرما اور ویراٹ کوہلی نے بالترتیب ستر اور پینسٹھ رن بنائے- جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم تیئس اعشاریہ ایک اوور میں ہی صرف اناسی رن بناکر آؤٹ ہوگئی - ہندوستان کی طرف سے امیت مشرا نے تباہ کن باولنگ کرتے ہوئے چھے اوور میں صرف اٹھارہ رن دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اس طرح ہندوستان نے ایک روزہ میچوں کی یہ سیریز دو کے مقابلے میں تین میچوں سے جیت لی۔