کراٹے کے عالمی مقابلوں میں ایران کے چار تمغے
ایران کی کراٹے ٹیم نے آسٹریا میں ہونے والے عالمی مقابلوں میں سونے اور کانسی کے دو دو تمغے حاصل کیے ہیں۔
ایران کے کراٹے کے کھلاڑی سجاد گنج زادہ نے آسٹریا میں ہونے والے کراٹے کے عالمی مقابلوں کے فائنل میں اپنے مراکشی حریف کو شکست دیکر سونے کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔ چوراسی کلوگرام وزن کے مقابلے میں یہ ان کی مسلسل چھٹی کامیابی تھی۔ انہوں نے اس سے پہلے ویلز، تیونس، کرویشیا ، مکاؤ اور بوسنیا کے کھلاڑیوں کو مات دی تھی۔
اس سے قبل ساٹھ کلوگرام کے ایونٹ میں ایران کے امیر مہدی زادہ نے بھی سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا جبکہ علی اصغر آسیابری اور ذبیح اللہ پورشیب نے کانسی کے تمغے جیتے تھے۔
کراٹے کے تیئیسویں عالمی مقابلے پچیس اکتوبر سے آسٹریا کے شہر لنز میں شروع ہوئے تھے جو تیس اکتوبر تک جاری رہے۔ ان مقابلوں میں دنیا کے ایک سو پینتس ملکوں کے دو ہزار کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔