پاکستانی سنیما گھروں میں ایرانی فلموں کی نمائش کا فیصلہ
https://urdu.sahartv.ir/news/sports-i257734-پاکستانی_سنیما_گھروں_میں_ایرانی_فلموں_کی_نمائش_کا_فیصلہ
ہندوستانی فلموں پر پابندی عائد کرنے کے بعد پاکستانی سنیما گھروں نے ایرانی فلموں کی نمائش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Nov ۱۲, ۲۰۱۶ ۱۲:۰۱ Asia/Tehran
  •  پاکستانی سنیما گھروں میں ایرانی فلموں کی نمائش کا فیصلہ

ہندوستانی فلموں پر پابندی عائد کرنے کے بعد پاکستانی سنیما گھروں نے ایرانی فلموں کی نمائش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیوز ایجنسی کے مطابق یہ اقدام زوال پزیر ہونے والی پاکستانی فلم انڈسٹری اور اس کی شان و شوکت کو بحال کرنے کی کوشش میں کیا گیا۔ پاکستانی فلم انڈسٹری میں اس سے قبل ہندوستانی فلموں کی نمائش جاری تھی، تاہم ان پر پابندی لگنے کے بعد انڈسٹری کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستانی فلم تقسیم کاروں نے ایران اور ترکی سے ان کی فلموں کی درآمد کے لیے رابطوں کا آغاز بھی کردیا۔
اس سے قبل پاکستان کے ادارہ برائے لوک اور روایتی ورثہ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر فوزیہ سعید نے کہا تھا کہ ایرانی فلموں کو دنیا بھر میں پسند کیا جارہا ہے اور پاکستان میں ان کی نمائش کو بھی خوب سراہا جائے گا۔ فوزیہ سعید نے مزید کہا کہ ایران کی وہ فلمیں جو ثقافتی انداز میں پاکستانی معاشرے سے قریب تر ہیں، ان کی پاکستانی سنیما گھروں میں نمائش ضرور ہونی چاہیے۔

پاکستان کے سنیپیکس سنیما کے جنرل مارکٹنگ مینیجر محسن یاسین نے کہا ہے کہ فلمیں ثقافتی تبادلے کا بہترین ذریعہ ہیں اور ہمیں ایرانی فلموں کی نمائش کا تجربہ ضرور کرنا چاہیے۔ محسن یاسین نے ایرانی سفارت خانے کے محکمہ ثقافت سے اپیل کی کہ وہ ثقافتی پروگرام کے تبادلے کے تحت ہماری مدد کریں اور پاکستان میں ایرانی فلموں کی ریلیز کے لیے ایرانی پروڈیوسر حضرات سے ہمارا رابطہ ممکن بنائیں۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران متعدد ایرانی فلمیں اور ڈرامے پاکستان کے مختلف ٹیلی ویژن چینلوں سے دکھائے جاچکے ہیں اور پاکستانی عوام نے ان کا زبردست خیر مقدم کیا ہے۔