صیہونی حکومت کے مقابل ملت فلسطین کا عزم مستحکم ہے: ریاض منصور
Sep ۱۲, ۲۰۱۵ ۱۶:۵۷ Asia/Tehran
اقوام متحدہ میں فلسطین کے نمائندے ریاض منصور نے صیہونی حکومت کی دشمنانہ پالیسیوں کے مقابل ملت فلسطین کے عزم و ارادے کو مضبوط و مستحکم قرار دیا ہے-
ریاض منصور نے اسکائی نیوز ٹی وی کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ ملت فلسطین کا عزم و ارادہ مضبوط و مستحکم ہے اور صیہونی غاصب اپنی فوجی طاقت کے باوجود بھی اس عزم و ارادے کو نہیں توڑ سکتے- انہوں نے اقوام متحدہ میں فلسطینی پرچم لہرائے جانے کو تاریخی اور اہم اقدام قرار دیا اور کہا کہ اقوام متحدہ کی تاریخ میں پہلی بار مبصر ارکان کو اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر پر اپنا پرچم لہرانے کی اجازت دی گئی ہے- ریاض منصور نے کہا کہ مختلف بین الاقوامی معاہدوں میں فلسطین کی رکنیت فلسطین کے ساتھ ایک ملک کے طور پر عالمی برادری کے سلوک کا سبب بنی ہے- ان کا کہنا تھا کہ فلسطین اپنی سرنوشت کے تعین کے حق کے سلسلے میں اسرائیل سے اجازت نہیں لے گا- واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطین سمیت غیر رکن مبصر ممالک کے پرچم اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر اور اس کے دفاتر میں لہرائے جانے پر مبنی فلسطین کی محدود خود مختار انتظامیہ کی قرارداد کو جمعرات کے روز اکثریتی رائے سے منظور کرلیا تھا- امریکا، اسرائیل اور دیگر چھے ممالک نے اس قرارداد کے خلاف ووٹ دیا تھا-