برطانیہ سے کسی طرح کے مذاکرات نہیں ہوں گے: یورپی کونسل
یورپین کونسل کے سربراہ نے کہا ہے کہ جب تک لندن باضابطہ طورپر یورپی یونین سے نکلنے کا عمل شروع نہیں کرتا اس کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوں گے۔
تسنیم نیوز کے مطابق یورپی کونسل کے سربراہ ڈونالڈ ٹاسک نے جمعرات کو کہا کہ یورپی یونین کو چاہیے کہ ان ملکوں کے مفادات کی حمایت کرے جو ایک ساتھ رہنا چاہتے ہیں نہ کہ ایک ایسے ملک کے مفادات کا تحفظ کرے جس نے یورپی یونین سے نکلنے کا ارادہ کرلیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سولہ ستمبر کو سلواکیہ کے دارالحکومت میں ہونے والی نشست میں برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیاجائے گا لیکن یورپی یونین اور برطانیہ کے مذاکرات کی اسٹریٹیجی کے بارے میں کوئی گفتگو نہیں ہو گی۔
ادھر برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ وہ یورپی یونین سے نکلنے کے عمل کے آغاز کا اعلان دو ہزار سترہ سے پہلے نہیں کرینگی۔ یورپی یونین سے برطانیہ کے نکلنے کا آغاز اس وقت سے شروع ہو گا جب برطانوی وزیراعظم لسبن معاہدے کے آرٹیکل پچاس پر دستخط کریں گی۔ اس قانون پر دستخط کئے جانے کے بعد یورپی یونین سے برطانیہ کے نکلنے کا عمل شروع ہو جائے گا جس میں دو برس لگیں گے۔
واضح رہے کہ تئیس جون دو ہزار سولہ کو باون فیصد برطانوی شہریوں نے یورپی یونین سے نکلنے کے حق میں ووٹ دیے تھے۔