ٹرمپ کی کامیابی پر یورپی بینک کو تشویش
Nov ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۲:۰۷ Asia/Tehran
یورپ کے مرکزی بینک کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ امریکہ کے صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی عالمی معیشت کے لیے خوش آئند نہیں ہے۔
یورپی مرکزی بینک کے بورڈ آف گورنرز کے رکن ایولڈ نوووٹنی کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے بعد دنیا بڑی بے یقینی کا شکار ہوگئی ہے۔ ٹرمپ کے صدر منتخب ہوتے ہی عالمی حصص منڈیوں میں زبردست مندی کا رجحان پیدا ہوگیا ہے اور سرمایہ کاروں نے ڈونلڈ ٹرمپ کی مجوزہ تجارتی پالیسیوں کے بارے میں سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سرمایہ کاروں کو خدشہ ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی مجوزہ اقتصادی پالیسیوں کے نتیجے میں تجارتی جنگ شروع ہوجائے گی اور اقتصادی شرح نمو میں کمی واقع ہوگی۔ ماہرین کے مطابق عالمی منڈیوں میں تشویش اور نیا مالیاتی بحران، برطانیہ کے یورپی یونین سے انخلا سے زیادہ شدید ہوگا۔