روس نے امریکی ارادوں کو بھانپ لیا ہے، ماریا زاخا رووا
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ مختلف بہانوں سے شام میں طویل عرصے تک رہنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
ماریا زاخارووا نے ماسکو میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ روس نے امریکی ارادوں کو اچھی طرح بھانپ لیا ہے۔ انہوں شامی حکومت کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے خطرات سے متعلق امریکی دعووں کو بھی کذب محض قرار دیا۔
روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ امریکہ یہ ایسے وقت میں کر رہا ہے کہ جب وہ شام میں داعش کی نابودی کے بعد بھی شام میں باقی رہنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ شام کی سرکاری فوج اور واشنگٹن کے حمایت یافتہ مسلح گروہوں کے درمیان اختلافات کے خاتمے میں مدد کے بہانے اس ملک میں باقی رہنے کی بات کرچکا ہے۔
اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلی نے بھی اس سے قبل شام میں فوجیں باقی رکھنے کا عندیہ دیا تھا۔
شام میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے حملوں میں عام شہری مارے جا رہے ہیں جبکہ امریکی حملوں کے نتیجے میں سیکڑوں شامی شہریوں کو اپنے گھربار سے بھی محروم ہونا پڑا ہے۔