امریکہ میں نسل پرستی کے حامیوں اور مخالفین کا مظاہرہ
نسل پرستی کے حامیوں اور مخالفین نے امریکہ کی ریاست ورجینیا میں مظاہرے کیے ہیں۔
انتہائی نسل پرستانہ رحجان رکھنے والی امریکی تنطیم کوکلکس کلن کے کے حامیوں نے ریاست ورجینیا کے علاقے چارلیٹس ول میں مظاہرہ کرکے جنرل رابرٹ ای لی کا مجسمہ ہٹائے جانے کی مخالفت میں نعرے لگائے۔ مقامی انتطامیہ نے امریکہ کی خانہ جنگی کے نسل پرست کمانڈر جنرل رابرٹ ای لی کا مجسمہ ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جنرل ای لی امریکہ میں غلامی کا قانون ختم کیے جانے کا سخت مخالف تھا۔
اسی دوران کو کلس کلن کے سیکڑوں مخالفین بھی ریاست ورجینیا کی سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے نسل پرستی اور انتہا پسندی کے خلاف زبردست نعرے لگائے۔
مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں ایسے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن میں نسل پرستی اور انتہا پسندی کے خلاف نعرے درج تھے۔
اس موقع پر پولیس نے دونوں گروہوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے کی اجازت نہیں دی جس کے نتیجے میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔