ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف امریکی محنت کشوں کے مظاہرے
امریکا میں ہزاروں محنت کشوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مظاہرہ کیا ہے ۔
پریس ٹی وی کے مطابق نیویارک اور امریکا کے دیگر مختلف شہروں میں ہزاروں محنت کشوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کی مخالفت کا اعلان کیا۔ اس رپورٹ کے مطابق نیویارک کے گورنر اینڈریو کومو نے مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ امریکا میں ایسی فیڈرل حکومت ہے جس نے خود ہی اعلان کررکھا ہے کہ وہ ملک کے محنت کش مردوں اور عورتوں کی مخالف ہے ۔ انھوں نے کہا کہ آج پورے ملک میں محنت کشوں پر حملے ہورہے ہیں۔ نیویارک کے گورنر اینڈریو کومو نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی انتخابی مہم کے دوران محنت کشوں کی حمایت کے نعروں سے ، امریکی عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔ نیویارک کے میئر بل ڈی بلاسیو نے بھی محنت کشوں کے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ واشنگٹن ڈی سی میں ٹرمپ اور ان کی ارب پتیوں کی کابینہ، محنت کشوں کے حقوق کی پامالی میں مصروف ہے ۔ امریکا کی سیول سوسائٹی کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ ملک کے محنت کش طبقے کی روز افزوں مشکلات ان مظاہروں کا محرک بنی ہیں ۔امریکا میں محنت کش طبقہ برسوں سے امتیازی رویئے اور نا انصافی سے دوچار ہے امریکا کی مزدور یونینوں کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی پالیسیاں دولت مندوں کے فائدے اور محنت کشوں کے نقصان میں ہیں ۔