چینی بحری جہاز شکن کروز میزائل نظام کی تنصیب پرامریکہ کو تشویش
https://urdu.sahartv.ir/news/world-i323900-چینی_بحری_جہاز_شکن_کروز_میزائل_نظام_کی_تنصیب_پرامریکہ_کو_تشویش
چین کی جانب سے جنوبی ساحل پر بحری جہاز شکن کروز میزائل نظام کی تنصیب اور فوجی سرگرمیوں میں اضافے پر امریکہ کو سخت تشویش لاحق ہوگئی ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
May ۰۵, ۲۰۱۸ ۰۳:۲۵ Asia/Tehran
  • چینی بحری جہاز شکن کروز میزائل نظام کی تنصیب پرامریکہ کو تشویش

چین کی جانب سے جنوبی ساحل پر بحری جہاز شکن کروز میزائل نظام کی تنصیب اور فوجی سرگرمیوں میں اضافے پر امریکہ کو سخت تشویش لاحق ہوگئی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری سارہ سینڈرز نے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے چین کی حکومت کے ساتھ جنوبی ساحل پر اینٹی کروز شپ میزائل اور زمین سے سمندر تک مار کرنے کرنے والے میزائل نظام کی تنصیب پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

امریکا نے متنازعہ علاقے میں فوجی سرگرمیوں میں اضافہ کرنے  پر چین کی حکومت کو ممکنہ منفی نتائج سے بھی خبردار کیا ہے۔

دوسری جانب امریکی وزارت جنگ پنٹاگون نے بھی چین کی جانب سے متنازعہ ساحلی علاقے پر میزائل ٹیکنالوجی رکھنے والے جہازوں کی تعیناتی اور عسکری سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کی حکومت کو متنازعہ علاقے کی حدود کا خیال رکھتے ہوئے کسی قسم کی مہم جوئی سے باز رہنا چاہیے کیوں کہ ایسی جارحانہ مہمات کے نتائج  مثبت نہیں نکلتے۔

واضح رہے کہ جنوبی چین کا سمندری علاقہ ایک متنازعہ علاقہ ہے اس سمندری علاقے کے ذریعے 5 ٹریلین ڈالر سالانہ کی تجارت ہوتی ہے۔ امریکا سمیت دیگر بڑی قوتیں اس علاقے کو ایک عالمگیر آزاد علاقہ قرار دینے کی  تگ دو کر رہی ہیں۔