امریکہ میں کورونا کا نیا جھٹکا
امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 55 ہزار سے زائد ہو گئی۔
آئی آر آئی بی کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید ہلاکتیں ہوئیں جس کے بعد کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 55 ہزار 413 ہلاکتیں ہوگئیں جبکہ کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 9 لاکھ 87 ہزار 160 ہو گئی ہے ۔ امریکہ اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہو نے والا ملک ہے جہاں اس وبا سے اب تک سب سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں ۔
امریکی حکومت نے دیگر ممالک کی بہ نسبت بہت دیر سے کورونا ٹسٹنگ کا آغاز کیا ہے اور اس وقت کورونا بیماروں میں اچانک اضافے کے بعد امریکہ کے طبی مراکز کورونا ٹسٹ کٹس کی قلت سے روبرو ہیں۔
امریکا میں کورونا کے بے قابو ہونے کے بعد سبھی ریاستوں میں، ہنگامی حالت کے اعلان کے بعد انتہائی المناک صورتحال کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
اس وقت امریکہ کی تمام پچاس ریاستوں میں کورونا وائرس سرایت کر چکا ہے اور اس وبا کے متاثرین اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد کے لحاظ سے امریکہ دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔
اس کے علاوہ کورونا سے اموات میں وحشتناک اضافے نے مرنے والوں کی تدفین کے حوالے سے بھی بحرانی صورتحال پیدا کر دی ہے اور مقامی انتظامیہ اور حکام جنازوں کو اجتماعی قبروں میں دفن کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ 8 مارچ کو امریکی ہسپتالوں کی یونین نے اپنی ایک رپورٹ میں امریکہ میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 96 ملین جبکہ کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4 لاکھ 80 ہزار ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ یہ ایسے میں ہے کہ امریکہ میں کورونا وائرس کے تیز پھیلاؤ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے حالات کے پیش نظر اقتصادی ماہرین نے یہ خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ مئی کے اختتام تک امریکہ میں کم از کم دو کروڑ لوگوں کو اپنے روزگار سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے اور اس طرح امریکہ میں بے روزگاری کی شرح 15 فیصد تک پہنچ جائے گی۔