امریکہ میں کورونا سونامی، 20 لاکھ افراد متاثر ایک لاکھ ہلاک
امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثر اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد بائیس لاکھ کے قریب پہونچ چکی ہے۔
آئی آر آئی بی کی رپورٹ کے مطابق امریکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ امریکہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 20 لاکھ 45 ہزار 549 ہو گئی ہے اور کورونا سے ایک لاکھ 14 ہزار 148 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکی ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی ہے کہ بعض ریاستوں میں کورونا وائرس میں مبتلاء مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ، تشویشناک ہو گیا ہے۔ ریاست شمالی کیرولائینا، ٹیگزاس اور کیلیفورنیا میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھی ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس میں مبتلاء ہونے والوں کی تعداد میں اضافے نے یہ تشویش بڑھا دی ہے کہ اقتصادی سرگرمیاں شروع ہونے کے بعد کورونا وائرس کی دوسری لہر آ جائے گی ۔
دنیا میں سب سے زیادہ کورونا وائرس میں مبتلا افراد امریکہ میں ہیں اور اسی ملک میں کورونا سے سب سے زیادہ اموات بھی واقع ہوئی ہیں۔
امریکہ میں کورونا وائرس کے مقابلے میں ٹرمپ حکومت کی ناقص کارکردگی اور ناتوانی کی بنا پر امریکی حکومت اور خود ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔