فلسطینیوں کی ایک اور بڑی کامیابی
آسٹریلیا نے کہا ہے کہ اسرائیل کو کرہ ارض پر ایک غیر قانونی ریاست اور فلسطین کے علاقوں کو مقبوضہ کہہ کر پکاریں گے۔
قدس کی غاصب اور جابر صیہونی حکومت جس کی یہ کوشش تھی کہ اپنے غیر قانونی اقدامات اور دھونس دھمکی کی پالیسیوں سے مسئلۂ فلسطین کو عالمی سطح پر پس پشت ڈالا جائے اب اسے اپنی اس پالیسی میں بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑ رہا ہے۔
العربیہ نیوز کے مطابق آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی وونگ نے پارلیمنٹ کے باہر قانون سازی پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اب سے تمام سرکاری دستاویز اور بیانات میں فلسطین کو مقبوضہ اور اسرائیل کو قابض لکھا اور پڑھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیت المقدس کو بھی مقبوضہ علاقہ تصور کیا جائے گا۔
عرب پارلیمنٹ نے آسٹریلیا کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اسرائیل فلسطین تنازع کے حل کے عزم کا اظہار کیا۔
عرب پارلیمنٹ نے آسٹریلیا سے مطالبہ کیا کہ وہ بغیر کسی تاخیر یا ہچکچاہٹ کے سرکاری طور پر بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے۔
یاد رہے کہ 2014 سے قبل آسٹریلیا فلسطین کو مقبوضہ اور اسرائیل کو غیر قانونی طور پر قابض ریاست لکھتا اور کہتا آیا ہے لیکن پھر یہ سلسلہ بند کردیا تھا تاہم اب دوبارہ یہ روایت اپنا رہا ہے۔